ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کپواڑہ کے ٹنگڈارمیں دراندازی کی بڑی کوشش ناکام

کپواڑہ کے ٹنگڈارمیں دراندازی کی بڑی کوشش ناکام

Sun, 27 May 2018 11:53:14    S.O. News Service

سری نگر26مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کوناکام بنانے اور اس میں 4بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹراکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھاکہ ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ ہفتہ کی علی الصباح دراندازی کی کوشش کرنے والے چار جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن جاری ہے۔ دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے کہاہے کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے ہفتہ کی علی الصبح بھاری مسلح جنگجوؤں کے ایک گروپ کو پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ کرنل کالیا نے بتایا کہ جب فوجیوں نے جنگجوؤں کو خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا تو انہوں نے اس کے برعکس خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم میں چار بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزیدبتایاہے کہ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ یہ ضلع کپواڑہ میں گذشتہ آٹھ دنوں کے دوران دراندازی کی دوسری کوشش ہے جس کو ناکام بنایا گیا ہے۔


Share: